سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملکی سیاسی صورتحال پر اہم بیانات دیے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے ہوتے ہوئے معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے اور جب تک ان دونوں جماعتوں سے جان نہیں چھڑائی جاتی، ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔انہوں نے شہباز شریف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اب تک 17 بجٹ پیش کر چکے ہیں، مزید اب کیا کریں گے۔ فواد چوہدری نے اختیارات کی منتقلی کے معاملے کی حمایت بھی کی۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں اتفاق رائے پیدا کرنا ہے تو سب سے بڑے سیاسی رہنما سے بات کرنا ہوگی، جو اس وقت جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے ان کی طویل سیاسی وابستگی رہی ہے اور پاکستان کے شہری کی حیثیت سے ان سے بات چیت کریں گے۔دوسری جانب سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست دائر کرنے کا بتایا اور کہا کہ ملاقات میں نئے صوبوں سمیت دیگر معاملات پر بات کی جائے گی۔