راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تین بہنوں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر تھانہ صدر بیرونی میں چوکی انچارج اڈیالہ عمران خان کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں ہنگامہ آرائی، اقدام قتل، پولیس سے مزاحمت اور دیگر متعلقہ دفعات شامل ہیں۔مقدمے میں ایم این اے شاہد خٹک، ایم پی اے مینا خان، ایم این اے شفقت اعوان، ترجمان پی کے شفیع اللہ جان، سمابیہ طاہر ستی سمیت تقریباً 1400 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پتھراؤ کیا، جس سے 9 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، اور موقع سے 41 ملزمان کو حراست میں لیا گیا جو بعدازاں فرار ہو گئے۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی 13 گاڑیاں ضبط کر لیں۔ملزمان کی گاڑیوں سے پٹرول، کانچ کی بوتلیں، روئی، ماچس اور دیگر اشیاء برآمد ہوئی، جبکہ پتھراؤ اور ڈنڈوں سے متعدد سرکاری اور پرائیوٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے سیاسی مقاصد کے لیے انتشار پھیلا کر پنجاب حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔