پنجاب حکومت کا کینسر کے مریضوں کے لیے بڑا اقدام، مفت ادویات کی فراہمی کے لیے ڈھائی ارب روپے جاری

پنجاب حکومت کا کینسر کے مریضوں کے لیے بڑا اقدام، مفت ادویات کی فراہمی کے لیے ڈھائی ارب روپے جاری

لاہور: پنجاب حکومت نے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

 اس اقدام کا مقصد کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے کے دوران ادویات کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنا اور ان کے مالی بوجھ میں کمی لانا ہے۔محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ بجٹ تفصیلات کے مطابق کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کے منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 50 کروڑ روپے مختص کرکے جاری کیے گئے ہیں۔ فنڈز کے اجرا کے بعد متعلقہ محکموں کو منصوبے پر عمل درآمد کے لیے مالی وسائل فراہم کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے خواتین کی معاشی و سماجی معاونت کے لیے وزیراعلیٰ رورل ویمن سپورٹ پروگرام کے تحت 393 ملین روپے بھی جاری کیے ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد دیہی خواتین کی معاونت اور ان کی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔

اسی طرح وزیراعلیٰ واٹر پروگرام کے تحت محکمہ زراعت کے لیے 2 ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ یہ رقم زرعی شعبے میں پانی کی دستیابی اور اس سے متعلق منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔محکمہ خزانہ پنجاب نے ان تمام منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کرنے کے ساتھ بجٹ کی تفصیلات بھی آن لائن کر دی ہیں، تاکہ سرکاری اخراجات اور مختلف ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کے لیے مختص رقوم کی معلومات دستیاب ہو سکیں۔