پنجاب: ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ چینز میں کارڈ ادائیگی پر 8 فیصد سیلز ٹیکس نافذ

پنجاب: ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ چینز میں کارڈ ادائیگی پر 8 فیصد سیلز ٹیکس نافذ

پنجاب حکومت نے مختلف سروس سیکٹرز پر پنجاب سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دی ہے، جس کا اطلاق متعدد خدمات فراہم کرنے والے کاروباری شعبوں پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) نے نئی ٹیکس شرح کا باقاعدہ نفاذ شروع کر دیا ہے اور تمام متعلقہ کاروباری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی شرح کے مطابق انوائسز جاری کریں اور صارفین سے 8 فیصد پنجاب سیلز ٹیکس وصول کریں۔نئی شرح کے مطابق ریسٹورنٹس، کیفے، کافی شاپس اور فوڈ چینز میں کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیوں پر 8 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔اس کے علاوہ شادی ہالز، کیٹرنگ سروسز، ایونٹ مینجمنٹ کمپنیوں، ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز، رینٹ اے کار سروسز، فٹنس سینٹرز، اپارٹمنٹ ہاؤسز، پراپرٹی ڈیلرز، آرکیٹیکٹس، ویئر ہاؤسز، کولڈ اسٹوریجز اور دیگر متعلقہ سروس سیکٹرز بھی نئی 8 فیصد ٹیکس شرح کے دائرہ کار میں شامل کر دیے گئے ہیں۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق تمام متعلقہ کاروباری ادارے نئی مقررہ شرح کے مطابق صارفین سے ٹیکس وصول کرنے کے پابند ہوں گے، جبکہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافے کا مقصد صوبے کی ٹیکس آمدن میں اضافہ، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا، محصولات کے نظام کو مزید مؤثر بنانا اور ریونیو وصولی کو بہتر بنانا ہے۔ماہرین کے مطابق نئی شرح کے نفاذ کے بعد ان خدمات سے استفادہ کرنے والے صارفین کے اخراجات میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ کاروباری اداروں کو اپنے بلنگ اور انوائسنگ سسٹمز کو بھی نئی ٹیکس شرح کے مطابق اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔