وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ووڈ میکنزی کے وفد سے ملاقات

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے اور معدنی شعبہ ملکی برآمدات میں اضافے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ حکومت معدنی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے، عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور اس شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر تجارت سے عالمی توانائی اور قدرتی وسائل کی مشاورتی کمپنی ووڈ میکنزی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، عالمی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی تیاریوں اور عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی وسائل سے متعارف کرانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔