پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے، جام کمال
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں تمباکو صنعت کو درپیش مسائل، بجٹ تجاویز اور غیر قانونی تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پی ٹی سی وفد نے غیر قانونی سگریٹ تجارت کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول ضروری ہے، رسمی معیشت سرمایہ کاری، روزگار اور معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ غیر دستاویزی شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانا پائیدار ریونیو میں اضافے کا مؤثر ذریعہ ہے،پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی بدولت سرمایہ کاری کے بڑے مواقع رکھتا ہے، دنیا سرمایہ کاری کے حصول کے لیے مسابقت کر رہی ہے، پاکستان کو کاروبار دوست پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔پی ٹی سی نے اسمگل شدہ اور نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔تمباکو صنعت نے درآمدات کے لیے فائنل ٹیکس رجیم (FTR) بحال کرنے کی درخواست کی پی ٹی سی نے بڑھتے ٹیکس بوجھ، مہنگی فنانسنگ اور کاروباری لاگت پر تحفظات کا اظہار کیا۔جام کمال خان نے ہنر مند افرادی قوت کی بیرون ملک منتقلی کاروباری شعبے کے لیے بڑا چیلنج قراردی اور تمباکو صنعت کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کی یقین دہانی کرائی۔وزیر تجارت نے پی ٹی سی کو اپنی سفارشات باضابطہ طور پر جمع کرانے کو کہا۔انہوں نے کہا کہ تمباکو صنعت کے مسائل اور تجاویز متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے،وزارت تجارت برآمدات، سرمایہ کاری اور دستاویزی معیشت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔