دھی رانی پروگرام نئے شادی شدہ جوڑوں کو باعزت زندگی کا آغاز فراہم کرنے کا ذریعہ ہے: عظمیٰ بخاری
دھی رانی پروگرام فلاحی منصوبہ ہے، مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کے گھر بسانا بڑی خدمت ہے: سردار ایاز صادق
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت لاہور میں 150 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ایڈوائزر ٹو وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار بھی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تمام دلہا دلہن کو دو، دو لاکھ روپے کی سلامی اے ٹی ایم کارڈز کی صورت میں دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بچوں نے ماں کا لقب دیا ہے‘دھی رانی پروگرام کے ذریعے ان مستحق والدین کی بیٹیوں کے گھر بسائے جا رہے ہیں جو مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنی بچیوں کی شادی کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ دھی رانی پروگرام پنجاب حکومت کا ایک بڑا اور قابلِ تحسین منصوبہ ہے۔ اس تقریب میں شرکت کرکے خوشی ہوئی ہے۔ اجتماعی شادیوں جیسے اقدامات سے مستحق خاندانوں کی ایک بڑی پریشانی دور ہوتی ہے اور انہیں اپنی بیٹیوں کے گھر بسانے میں مدد ملتی ہے۔ ایسے فلاحی اقدامات معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے عملی سہارا بنتے ہیں۔