دھی رانی پروگرام ،ساہیوال میں 47جوڑوں کی شادی

    ساہیوال(خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع ساہیوال میں 47جوڑوں کی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ اور ممبر قومی اسمبلی پیر عمران احمد شاہ ولی مہمانان خصوصی تھے۔ تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی محمدارشدملک، ملک قاسم ندیم،نوید اسلم خان لودھی،پیر ولائت شاہ کھگہ،کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید،ڈپٹی کمشنر شاہد محمود،ڈی جی سوشل ویلفیئر خواجہ ذیشان سکندر،ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمان،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرعاصمہ نورین اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عباس بھی موجود تھے۔ ہر جوڑے کو2لاکھ روپے کا جہیز اور ایک لاکھ روپے سلامی دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا دھی رانی پروگرام سماجی ترقی کا ایک اور تاریخی اقدام ہے۔یہ تقریب ’ریاست ہوگی ماں کی جیسی‘ کی عملی تصویر ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر صوبے کے ہر ضلع میں دھی رانی پروگرام کا انعقاد کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست ماں کا کردار اداکرے گی تو ہی ریاست مدینہ بنے گی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریر کا اختتا م ’شکریہ مریم نواز‘ کے الفاظ سے کیا۔ تقریب کا اختتام جھومر کے شاندار شو پر کیا گیاجہاں پیر عمران احمد شاہ نے جھومر پارٹی کو نقدانعام بھی دیا۔ تقریب میں پاسٹر نوید کاشف نے بھی خصوصی دعا کرائی اور تقریب کے مہمانان خصوصی نے تمام شادی شدہ جوڑوں کو ایک ایک لاکھ روپے سلامی دی۔