دھی رانی پروگرام کے تحت 156 جوڑوں کی اجتماعی شادی

سرگودھا(خصوصی رپورٹ)سرگودھامیں دھی رانی پروگرام کے تحت 156 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی شاندار تقریب کا انعقادکیا گیا ، خصوصی افراد کے دو جوڑوں کی شمولیت، تقریب میں جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے ،تفصیل کے مطابق سرگودھامیں دھی رانی پروگرام کے تحت 156 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی شاندار تقریب کا انعقادکیا گیا ،اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ تھے،جبکہ کمشنر حافظ شوکت علی اور ڈی سی حسین احمد رضا چوہدری کے علاوہ حکومتی ارکان اسمبلی ،سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی خصوسی شرکت کی ، اجتماعی شادی کی اس تقریب میں مسیحی برادری کے پانچ جوڑے بھی شامل تھے اورخصوصی افراد کے دو جوڑوں کی بھی شادی ہوئی ،تقریب میں جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے ،ہر جوڑے کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دو لاکھ روپے کے اے ٹی ایم کارڈز دئیے گئے اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام ہزاروں والدین اور بیٹیوں کے خوابوں کی تعبیر ہے، بیٹی کی شادی کے لیے قرض کا تصور ختم ہو چکا ہے، ریاست نے ذمہ داری سنبھال لی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریاست کو ماں جیسا کردار دے دیا ہے، دھی رانی پروگرام نے طبقاتی تفریق کو ختم کر دیا ہے، ہزاروں والدین کی دعائیں اور بیٹیوں کے خواب اس پروگرام سے جڑے ہیں،فلاحی ریاست صرف نعروں سے نہیں، عملی اقدامات سے بنتی ہے۔