پاکستان ‘ ترکیہ ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے شہبازشریف
دونوں ممالک لازوال برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں‘انطالیہ میں صدر رجب طیب اردوان کی گرمجوش میزبانی اور محبت پر دل سے شکر گزار ہوں، غزہ کے عوام سے متعلق ان کا خطاب یادگار لمحات میں شامل تھا:ایکس پر بیان
جب موسمیاتی آفات ٹوٹتی ہیں تو متاثرہ ممالک کو ایسی بروقت مدد اور مالی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے جو انہیں مزید قرضوں کی دلدل میں نہ دھکیلے:وزیراعظم کا کاپ کانفرنس سے خطاب ‘عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان اور ترکی دیرینہ اور لازوال برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے انطالیہ سے روانگی کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے ملنے والی محبت، خلوص اور گرمجوش میزبانی پر دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انطالیہ سے روانگی کے وقت وہ اپنے عزیز بھائی صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، محبت اور خلوص کے جذبات اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز صدر اردوان کا پْراثر خطاب، بالخصوص غزہ کے عوام کی دردناک صورتحال سے متعلق ان کے دل کو چھو لینے والے الفاظ، کانفرنس کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک تھے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں کی انطالیہ میں موجودگی اور انتہائی مصروف شیڈول کے باوجود صدر رجب طیب اردوان نے آج ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا اور ملاقات کی میزبانی کی، جو ان کی دوستانہ محبت اور فیاضی کا ایک اور خوبصورت مظہر ہے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے اور موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے محض اعلانات کے بجائے ٹھوس اقدامات کرے۔ انطالیہ میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ترقی پذیر اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کے لیے گرانٹس پر مبنی فنانسنگ اور ماحولیاتی بحالی کے فنڈز کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔رواں برس ہونے والی اس عالمی سربراہی کانفرنس کا بنیادی محور کم کاربن اخراج والے مستقبل کی جانب منتقلی ہے۔ بحیرہ روم کے اس تفریحی شہر میں تقریباً 200 ممالک کے مندوبین ایک ایسے وقت میں سر جوڑ کر بیٹھے ہیں جب عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے آثار کم دکھائی دے رہے ہیں اور جنگوں، افراطِ زر اور دیگر بحرانوں نے عالمی قیادت کی سیاسی توجہ بٹا رکھی ہے۔کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں صاف اور متبادل توانائی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو اجاگر کیا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ محض انفرادی یا قومی سطح کی کوششیں ایک منصفانہ اور متوازن عالمی ردِعمل کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب موسمیاتی آفات ٹوٹتی ہیں تو متاثرہ ممالک کو ایسی بروقت مدد اور مالی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے جو انہیں مزید قرضوں کی دلدل میں نہ دھکیلیں‘علاوہ ازیں شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ31 کے موقع پر سوڈان، فن لینڈ اور عراق کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا