ترقیاتی مالیات کی فراہمی، تجارت کو بحال کرنا ترقی پذیر ممالک کی ترجیح ہے،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا خطاب
نیویارک (آئی این پی) پاکستان نے ترقی پذیر ممالک کی تنظیم جی77اور چین کے لیے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر زور دیا ہے۔نیویارک میں ترقی پذیر ممالک کی تنظیم جی 77اور چین کی سربراہی عراق کو سونپنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ ترقیاتی مالیات کی فراہمی اور تجارت کو بحال کرنا ترقی پذیر ممالک کی ترجیح ہے، ٹیکنالوجی کے نظام کو پائیدار ترقیاتی اہداف اور ماحولیاتی مقاصد سے ہم آہنگ کرنا ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے لیے مالی معاونت میں 3، 4 کھرب ڈالرز اور ماحولیاتی تبدیلی کے لیے مالی معاونت میں 1.5کھرب ڈالرز کا خلاء موجود ہے۔منیر اکرم کا کہنا ہے کہ گلوبل ساتھ کے ممالک کو مالی امداد، گرانٹ اور رعایتی مالیات کے فروغ کی ضرورت ہے، تجارت ترقی پذیر ممالک کے ترقی یافتہ دنیا میں شمولیت کے لیے اہم محرک ہے، ترقی پذیر ممالک کی برآمدات کے لیے نئے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے۔ مستقل مندوب نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی تجارتی تحفظ پسندی کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی کو ایس ڈی جیز اور ماحولیاتی تبدیلی کی کارروائیوں کے ساتھ جوڑنا، وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ضروری ہے، چوتھی ایف ایف ڈی کانفرنس میں ہمارا یہی ہدف ہو گا۔پاکستانی مندوب نے ترقی پذیر ممالک کی مصنوعی ذہانت تک رسائی میں امتیازی سلوک ختم کرنے کی حمایت اور ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔