کاربن کریڈٹ مارکیٹ کھولنے میں وفاقی حکومت معاونت کرے گی:مراد علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو
وفاق کا ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے 300 روزہ پلان بنانے پر اتفاق
کراچی(آئی این پی )وفاقی حکومت نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے 300 یومیہ ماحولیاتی منصوبہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک نے ملاقات کی، جس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور پرنسپل سیکریٹری آغا واصف بھی شریک تھے۔اجلاس میں 300 یومیہ ماحولیاتی پلان بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ آئندہ مون سون سیزن، جو 15 دن پہلے شروع ہونے کا امکان ہے، کیلئے موثر تیاری کی جا سکے۔اجلاس میں طے پایا کہ چاروں صوبائی حکومتیں اس پلان کے لئے اپنی تجاویز اور ضروری منصوبے پیش کریں گی تاکہ بارشوں اور ندیوں کے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کم سے کم کیے جا سکیں۔مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کم کرنے کیلئے عالمی برادری کی مدد ناگزیر ہے اور کاربن کریڈٹ مارکیٹ کو کھولنے میں وفاقی حکومت مکمل معاونت کرے گی۔