موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری تعاون کرے:وزیراعلی سندھ

 پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ دار ہونے کے باوجود موسمیاتی خطرات سے شدید متاثر ہے:ترکیہ میں عالمی کانفرنس سے خطاب
انطالیہ (  آن لائن )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 31ویں عالمی کانفرنس (کاپ 31) سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے  موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مشترکہ جدوجہد کی جائے اور انہیں مالی معاونت، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں۔اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مجموعی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، لیکن اس کے باوجود اسے سیلاب، شدید گرمی، خشک سالی اور ساحلی علاقوں کو درپیش خطرات جیسے سنگین موسمیاتی اثرات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف عالمی ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی زندگی، روزگار اور گھروں کے لیے بھی بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ اس صورت حال میں موسمیاتی تبدیلی کے ذمہ دار کم ترین ممالک اس کے نقصانات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ موسمیاتی ناانصافی کا سب سے بڑا بوجھ ترقی پذیر ممالک برداشت کر رہے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بحالی، تعمیرِ نو اور مستقبل کی منصوبہ بندی کو ترجیح دی ہے