لاہور میں ویڈیو بنانے کے دورا ن شیرنی کاحملہ‘ملازم جاں بحق‘ٹک ٹاکر بچ گیا

کاہنہ میں  ٹک ٹاکر نعمان ویڈیو بنانے کیلئے فارم ہاؤس  گیا ،  شیرنی اچانک قابو سے باہر ہوگئی اور فارم کے ملازم 19 سالہ طلحہ پر حملہ کر دیا
 طلحہ شدید زخمی ہو گیا‘ہسپتال میں دم توڑ دیا‘ حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی‘فارم ہاؤس  کا مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر گرفتار
 لاہور(کرائم رپورٹر)کاہنہ کے علاقے میں فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے میں 19 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کے بعد فارم ہاؤس مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ٹک ٹاکر نعمان ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا، جہاں شیرنی اچانک قابو سے باہر ہوگئی اور فارم کے ملازم 19 سالہ طلحہ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔زخمی طلحہ کو فوری طور پر علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے اس دوران ملزمان میں واقعے کی حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مشکوک صورتحال کی جانچ پڑتال کے دوران شیرنی کے حملے کا انکشاف ہوا جس پر حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے تحویل میں لے کر وائلڈ لائف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، فارم ہاؤس میں حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا۔ واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش کی گئی، غفلت کے تمام پہلوؤں کی مکمل تحقیقات ہوں گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی