لندن میں الطاف حسین کے گھر پر دو نقاب پوش افراد کاحملہ،توڑ پھوڑ

 تربیت یافتہ حملہ آور نے رہائش گاہ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی:ایم کیو ایم 
لندن (آئی این پی)لندن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ بانی الطاف حسین کے گھر پر دو نقاب پوش افراد نے حملہ کیا اور گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ رابطہ کمیٹی کے رہنمائوں نے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں برطانوی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لندن میں پارٹی کے بانی الطاف حسین کی رہائش گاہ پر مبینہ حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور حملے میں ملوث دو نقاب پوش افراد کی شناخت کی جائے۔پارٹی کے مطابق شمالی لندن میں واقع الطاف حسین کے گھر پر دو نقاب پوش افراد نے مبینہ طور پر حملہ کیا۔ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ بظاہر تربیت یافتہ حملہ آور گھر کے سامنے موجود گیٹ کو پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور رہائش گاہ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔پارٹی کے مطابق حملہ آوروں نے گھر کے مرکزی دروازے اور کھڑکیوں کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ وہ اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔رابطہ کمیٹی کے رہنمائوں نے برطانوی حکام پر زور دیا ہے کہ واقعے کا ہر پہلو سامنے لانے کے لیے مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔