25 سے 30 خوارجی دہشت گرد لکھانی چیک پوسٹ پر حملہ آور ہوئے، راکٹ، ہینڈ گرنیڈ سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال ، جوابی کارروائی پرفرار
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے ایک بار پھربہادرانہ کارروائی کرتے ہوئے خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے، حملہ آور دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں نے رات دیر گئے اچانک حملہ کیا،25 سے 30 خوارجی دہشت گرد لکھانی چیک پوسٹ پر چاروں طرف سے حملہ آور ہوئے، تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کی گئی،خوارجی دہشتگردوں نے راکٹ، ہینڈ گرنیڈ سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال کیا، پولیس نے مشیناور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی، پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مل کر خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، بھرپور جوابی کارروائی نے خوارجی دہشت گردوں کو پسپائی اورفرار ہونے پر مجبور کر دیا۔ موثر جوابی کارروائی کے نتیجہ میں دہشتگرد فرار ہو گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ دہشتگردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔