حکومت کو شہریوں کو دہشت گردوں کے خطرات سے بچانے کے لیے فائر وال لگانی چاہیے،سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی
اسلام آباد (آئی این پی )پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے وی پی اینز کو بلاک کرنے پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اور ناقابل برداشت قرار دیا۔ا یک انٹرویو میں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مسلسل پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو سوشل میڈیا صارفین کو دبانے کے بجائے شہریوں کو دہشت گردوں کے خطرات سے بچانے کے لیے فائر وال لگانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط حکمت عملی کے بجائے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کو ترجیح دے رہی ہے،حکام شہریوں کو اپنی پالیسیوں اور غلط کاموں کے بارے میں اندھیرے میں رکھنے کے لیے سوشل میڈیا کو مسخ کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں، حکومت کی غلط ترجیحات کا اندازہ ملک کے مستقبل اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں ان کی عدم تشویش سے لگایا جا سکتا ہے۔