شہدا ہمارے سر کا تاج اور فخر ،مولانا نے اپنے بیان سے دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دی: رضا حیات ہراج
قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، شہداء کی قربانیوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہ کیا جائے: طارق فضل چودھری
کراچی‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن) قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کورآرڈینیٹر مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے شہدا کی توہین ناقابل برداشت ہے، فوجی جوانوں اور شہدا کے اہل خانہ سے معذرت کرتا ہوں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ دہشتگرد ملک کے امن کے دشمن ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوان مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، شہدا کی قربانی کا کوئی مالی معاوضہ نہیں ہوسکتا، شہادت مومن کا اعلی مقام اور باعثِ فخر اعزاز ہے، اسلامی ریاست کے محافظوں کی خدمات اور قربانیاں انتہائی قابلِ احترام ہیں، جو ہماری حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرے، اس کی توہین کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔وفاقی وزیر رضا حیات ہراج نے کہا ہے شہدا ہمارے سر کا تاج اور ہمارا فخر ہیں ۔ مولانا نے اپنے بیان سے دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دی ۔فوج کی قدر ان قوموں سے پوچھیں جن کی افواج انکا تحفط نہیں کر پاتی‘ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے بھارتی میڈیا مولانا فضل الرحمٰن کے بیان کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، جو باعث تشویش ہے۔ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے احترام اور دفاعِ وطن کے حوالے سے ایسا کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا جانا چاہیے جس سے دشمن کو فائدہ پہنچے۔