وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ماہم آصف، اور ڈپٹی سیکرٹری فنانس شہزاد ہوتیانہ سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران تعلیمی نصاب میں اصلاحات پر اتفاق کیا گیا، جس کے تحت صبح کی دعا میں حب الوطنی کے پیغامات شامل کرنے اور “معرکہ حق” اور قومی یکجہتی سے متعلق مضامین نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ نجی اسکولوں میں بھی اسی نوعیت کے پروگرامز نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی۔مزید یہ کہ فلم فنڈ کے تحت “معرکۂ حق” اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت علی خان پر ڈرامہ تیار کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھنے کی استدعا کی جائے گی تاکہ طلبہ میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔
محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے محکمہ اطلاعات اور محکمہ داخلہ پنجاب مل کر ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کریں گے جو فوری طور پر ایسے مواد کی نشاندہی اور کارروائی کرے گا۔عظمیٰ بخاری نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔