منشیات فروش انمول عرف پنکی کے بھائی کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج ہونے کا انکشاف

منشیات فروش انمول عرف پنکی کے بھائی کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج ہونے کا انکشاف

کراچی سے گرفتار منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کے کیس میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس کے بھائی کے خلاف لاہور میں پہلے سے منشیات کا مقدمہ درج ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق 2022 میں تھانہ کوٹ لکھپت میں ریاض بلوچ کے خلاف منشیات برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی مقدمے کے دوران ریاض بلوچ نے بیان دیا تھا کہ اس کی فرار ہونے والی بہن انمول عرف پنکی ہے۔پولیس کے مطابق ایک کارروائی کے دوران لگژری گاڑی میں سوار لڑکا اور لڑکی کو منشیات فروخت کے شبے میں روکا گیا تھا۔ اس دوران لڑکا موقع پر گرفتار ہو گیا جبکہ لڑکی گاڑی تیز رفتاری سے چلا کر فرار ہو گئی تھی۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم ریاض بلوچ کے خلاف تھانہ کوٹ لکھپت میں 9C کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور اس کا چالان بھی عدالت میں پیش ہو چکا ہے۔

 پولیس نے بتایا کہ ملزمہ اپنے بھائیوں کے ساتھ کوٹ لکھپت کی ایک نجی کالونی میں رہائش پذیر رہی ہے۔دوسری جانب پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی کا پنجاب پولیس کے ریکارڈ میں کوئی الگ سے کریمنل ریکارڈ موجود نہیں ہے، تاہم اس کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔