انگلیوں سے وکٹری اشارہ فنگر پرنٹس کی چوری کا سبب بن سکتا ہے، ماہرین

لاہور(نیٹ نیوز)بایومیٹرک سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سیلفیز میں مشہور ’’V‘‘ کا سائن فنگر پرنٹس کی چوری کا سبب بن سکتا ہے۔وی کا نشان جو فتح اور امن کی علامت سمجھا جاتا ہے، جس میں شہادت اور درمیانی انگلی کو باہر کی جانب اٹھایا جاتا ہے، طویل عرصے سے عالمی پاپ کلچر کا حصہ رہا ہے۔ تاہم اب  سیکیورٹی ماہرین نے اس کے استعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی ریزولوشن کیمروں اور ایڈوانس آرٹیفیشل اینٹلی جنس سافٹ ویئر کی بدولت یہ مقبول اشارہ اب لوگوں کے فنگر پرنٹس کو نقل کرنے اور بایومیٹرک سیکیورٹی سسٹمز کو بائی پاس کرنے کے خطرے سے دوچار کر سکتا ہے۔اس حوالے سے چینی سیکیورٹی ماہر لی چانگ نے گزشتہ ماہ ایک ریئلٹی شو میں ایک مشہور شخصیت کی سیلفی کو مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے دکھایا کہ وی سائن والی تصاویر میں انگلیاں کتنی واضح نظر آتی ہیں اور ایسی تصاویر کس طرح ذاتی بایومیٹرک معلومات کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔اپنے تجزیے میں چینی ماہر نے دکھایا کہ اگر کسی شخص کی انگلی براہ راست کیمرے کی طرف ہو اور 1.5 میٹر سے کم فاصلے سے قریبی تصویر لی جائے، تو اس کے فنگر پرنٹس کی معلومات مکمل طور پر حاصل کیے جانے کا بہت زیادہ امکان ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیلفیاں خاص طور پر خطرناک سمجھی جاتی ہیں۔ تاہم انھوں نے یہ بھی بتایا کہ 3 میٹر تک کے فاصلے سے بھی تقریباً آدھے فنگر پرنٹس حاصل کیے جا سکتے ہیں اور یہی وہ جگہ ہے جہاں اے ا?ئی سافٹ ویئر مددگار ثابت ہوتا ہے۔