جعلساز شہریوں کو جھانسے دے کر فنگر پرنٹس حاصل کرنے لگے

سم کارڈ یا امدادی اسکیم کا جھانسہ دے کر ان کے فنگر پرنٹس حاصل کر لیتے ہیں۔ یہ سمیں عموما سنگین قسم کے جرائم میں استعمال کی جاتی ہیں
کراچی( آئی این پی )پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی(پی ٹی اے ) نے پاکستانی شہریوں کیلئے اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے انگوٹھے اور انگلیوں کے نشانات فراہم کرتے ہوئے انتہائی محتاط رہیں۔پی ٹی اے کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جعلساز شہریوں کو مختلف جھانسے دے کر ان کے فنگر پرنٹس حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا خاص ہدف سادہ لوح افراد اور خواتین ہیں، جن کو وہ فری سم کارڈ یا امدادی اسکیم کا جھانسہ دے کر ان کے فنگر پرنٹس حاصل کر لیتے ہیں۔ دھوکا دہی کے ذریعہ حاصل کردہ یہ سمیں عموما سنگین قسم کے جرائم میں استعمال کی جاتی ہیں۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اپنی سم کسی اور کو دینا قانونی جرم ہے کیونکہ آپ کے نام پر رجسٹرڈ سم سے جرم بھی ہو سکتا ہے۔چیک کریں کہ کتنی سمیں آپ کے شناختی کارڈ پر ہیں۔ اس کیلئے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 668 ایس ایم ایس کریں اور نامعلوم سم کو فوری طور پر بلاک کرائیں۔پی ٹی اے کا کہنا ہے صارفین مزید معلومات کیلئے 0800-55055  (ٹول فری نمبر) یا ویب سائٹ pta.gov.pk پر رابطہ کریں۔