مختلف شہروں میں مقابلے، 4ملزم ہلاک

 احمد ، ندیم برکی لے جاتے مارے گئے ،اوکاڑہ میں منشیات فروش اشرف ،صادق آباد میں شفیقہ پٹھا ن مارا گیا 
لاہور،اوکاڑہ ،صادق آباد(کرائم رپورٹر )پنجاب کے مختلف شہروں میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )کے مبینہ مقابلے 4 ملزم ہلاک ہو گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں سی سی ڈی کی ٹیم زیر حراست 2 ملزموں کو ریکوری کے لیے برکی لے جا رہی تھی راستے میں ان کے ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کیلئے اچانک فائرنگ کردی،پولیس نے جوابی کارروائی کی تاہم ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے زیر حراست دونوں ملزم احمد اور ندیم مارے گئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر کے نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔علاوہ ازیں سی سی ڈی اوکاڑہ کی ٹیم نے دیپالپور کے علاقے دیا رام جھال کے نزدیک خفیہ اطلاع پر منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لئے ناکہ لگایا تو وہاں ملزموں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اوراس دوران ایک منشیات فروش مارا گیا جبکہ ایک فرار ہو گیا۔ ہلاک منشیات فروش کی شناخت اشرف عرف اچھو کے نام سے ہوئی ہے ، قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ادھر صادق آباد میں سی سی ڈی کی کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش شفیق عرف شفیقہ پٹھا ن فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا ،وہ علاقے کی بدنام زمانہ ملزمہ پٹھانی مائی کا بیٹا اور عرصہ دراز سے منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث تھا۔