مارے جانیوالوں میں مبشر بچھی ،عامر گلوتر اوربلال شامل، ایک زخمی گرفتار
ساہیوال میں بھی ایک ملزم اظہر شاہ زخمی حالت میں پکڑا گیا، ہسپتال منتقل
فیصل آباد،ساہیوال(خصوصی رپورٹ)فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ڈکیتی و دیگر سنگین مقدمات کے 3 ملزم ہلاک ،ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا،ادھر ساہیوال میں بھی ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ روشن والا کے علاقہ کجلے والا روڈ پر سی سی ڈی ٹیم کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ڈکیتی و راہزنی سمیت پچاس سے زائد سنگین مقدمات کا ملزم مبشر عرف بچھی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔اسی طرح تھانہ رضا آباد کے علاقے پروکیانوالہ کے قریب بھی سی سی ڈی ٹیم سے دو طرفہ فائرنگ کے مبینہ تبادلے میں ڈکیتی و راہزنی سمیت دو درجن سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم عامر گلوتر ہلاک ہوگیا اور اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔ادھر تھانہ ملت ٹا ئون کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈکیتی کا ریکارڈ یافتہ ملزم بلال مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے، ملزم بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے تھے۔ علاوہ ازیں تھانہ صدر کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈکیتی کا ریکارڈ یافتہ ملزم فرحان زخمی ہوگیا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم اس کے ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ہلاک ملزموں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔ادھر ساہیوال میں ہڑپہ پولیس نے ککھاں والے موڑ کے قریب مبینہ مقابلہ میں منشیات فروشی میں ملوث ملزم اظہر شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ملزم کے قبضے سے 2کلو چرس اورناجائز پسٹل بر آمدکر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی ملزم فرار ہو گیا۔