50کروڑ کے نان ڈیوٹی پیڈ4کروڑ سگریٹ تلف

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)آر ٹی او ساہیوال کی جانب سے نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس کی تلفی کی تقریب فیصل آباد روڈ ساہیوال میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں تقریباً 4 کروڑ سگریٹس تلف کیے گئے جن کی مالیت بغیر ٹیکس تقریباً 20کروڑ 40لاکھ روپے تھی۔ ان سگریٹس پر واجب الادا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 22کروڑ 40لاکھ روپے جبکہ سیلز ٹیکس7کروڑ 70لاکھ روپے تھا۔ اس طرح مجموعی قومی نقصان تقریباً50کروڑ 60لاکھ روپے بنتا تھا۔تقریب کے مہمان خصوصی چیف کمشنر آر ٹی او ساہیوال کرامت چودھری نے خطاب کرتے ہوئے نان ڈیوٹی پیڈ اور غیر قانونی سگریٹس کے خلاف بھرپور کارروائیوں کے عزم کا اعادہ کیا اور ذمہ دار شہریوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد میں ایف بی آر کے ساتھ تعاون کریں تاکہ غیر قانونی تجارت کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ایڈیشنل کمشنر ہیڈکوارٹرز آر ٹی او ساہیوال عمر زیب خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ٹیکس قوانین کے نفاذ اور قومی معیشت کے تحفظ میں اداروں کے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔