امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب کا حالیہ دورہ ایک اہم تجارتی اور دفاعی معاہدوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اس دورے میں سعودی عرب نے امریکی صدر کو 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے، لیکن ٹرمپ سعودی حکومت سے ایک کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع رکھتے ہیں۔ٹرمپ کے سعودی عرب پہنچنے پر انہیں شاہی محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی عرب، جو امریکہ کا اہم اتحادی ہے، ٹرمپ کے اس دورے میں امریکی دفاعی مصنوعات خریدنے کے حوالے سے بھی بات چیت کرے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سعودی عرب 100 ارب ڈالر سے زائد کے جدید ہتھیار خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔یہ رقم سعودی عرب کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے اور خطے میں اپنے اثر و رسوخ کو مزید مستحکم کرنے کے لیے استعمال ہو گی۔ اس میں جدید ہتھیاروں کی ایک رینج شامل ہو سکتی ہے، جو سعودی فوج کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائے گی۔
سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان اسلحہ خریداری کے معاہدے کئی برسوں سے ہوتے رہے ہیں، اور 2017 میں ٹرمپ کے سعودی عرب کے پہلے دورے میں 350 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ ہوا تھا، جس میں 110 ارب ڈالر کا اسلحہ معاہدہ بھی شامل تھا۔ٹرمپ کے اس دورے کے دوران، ان کے ساتھ ان کے مشیر اور ٹیکنالوجی کے جائنٹ ایلون مسک بھی موجود ہیں، جو ممکنہ طور پر سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کے بارے میں بات چیت کریں گے۔یہ دورہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید مضبوط تعلقات استوار کرنے کا ایک اہم موقع ہے، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔