ترکیہ کے صدر اردوان کا سعودی عرب کا اہم ایک روزہ دورہ، مشرق وسطیٰ اور دوطرفہ امور پر بات چیت کی توقع

ترکیہ کے صدر اردوان کا سعودی عرب کا اہم ایک روزہ دورہ، مشرق وسطیٰ اور دوطرفہ امور پر بات چیت کی توقع

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان آج سعودی عرب کا ایک روزہ سرکاری دورہ کریں گے، جہاں ان کی وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

 ترک خبر رساں ادارہ انادولو کے مطابق، صدر اردوان کے اس دورۂ سعودی عرب کی تصدیق ترکیہ کے صدارتی محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹر برہان الدین دوران نے کی ہے۔رپورٹ کے مطابق، صدر اردوان اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران سعودی قیادت سے اہم علاقائی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ یہ ملاقات خطے کے سیاسی اور اقتصادی حالات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔اس کے علاوہ، صدر اردوان کی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی سمیت مختلف اہم امور پر گفتگو کا امکان ہے۔حالیہ عرصے میں ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان علاقائی امن، سفارتی روابط اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے مشاورت میں اضافہ ہوا ہے۔ تینوں ممالک کی قیادت کے رابطے خطے میں جاری سفارتی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، اردوان کے اس دورہ کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتحال، اور خطے میں تجارتی و بحری آمدورفت سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آ سکتے ہیں۔ سعودی عرب، مشرق وسطیٰ میں ایک اہم علاقائی طاقت کے طور پر، سفارتی محاذ پر کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ترکیہ بھی مختلف علاقائی تنازعات کے حل اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ، اردوان کی سعودی قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں خطے میں آئندہ کی سفارتی حکمت عملی اور تعاون کے حوالے سے اہم اشارے فراہم کر سکتی ہیں، جو مستقبل میں علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔