عالمی یومِ آبادی: نوجوان قومی سرمایہ، تعلیم، ہنر اور روزگار پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے، صدر اور وزیراعظم

عالمی یومِ آبادی: نوجوان قومی سرمایہ، تعلیم، ہنر اور روزگار پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے، صدر اور وزیراعظم

عالمی یومِ آبادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں، اس لیے ان کی تعلیم، ہنر اور روزگار پر سرمایہ کاری قومی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آبادی اور ترقی کا باہمی تعلق ناگزیر ہے، لہٰذا تعلیم، صحت، زچہ و بچہ کی نگہداشت اور غذائیت پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر قومی ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کے حقوق اور ان کے بااختیار بنانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت، پارلیمنٹ، سول سوسائٹی، علما، میڈیا اور تمام قومی اداروں کو مل کر پاکستان کی آبادیاتی صلاحیت کو انسانی ترقی اور قومی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا تاکہ ہر شہری کو صحت، وقار اور مساوی مواقع میسر آ سکیں۔دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آبادی کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے ذمہ دارانہ منصوبہ بندی کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال عالمی یومِ آبادی "نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا" کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو نوجوانوں کے اہم کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے، جہاں 65 فیصد سے زائد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، تاہم سالانہ 2.55 فیصد آبادی میں اضافے کے باعث تعلیم، صحت، روزگار، رہائش، غذائی تحفظ، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی پائیداری جیسے شعبوں میں بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کی ہے، جو وفاق اور صوبوں کے درمیان پالیسی ہم آہنگی، قومی آبادی پروگرام پر عمل درآمد اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خواتین اور بچیوں کی تعلیم، صحت، معاشی شمولیت اور مساوی مواقع کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے، جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام سمیت مختلف قومی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، پارلیمنٹ، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، جامعات، نجی شعبے، علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریوں پر زور دیا کہ وہ آبادی سے متعلق چیلنجز، ذمہ دارانہ والدین، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔