گوگل نے ایک دہائی بعد "G" لوگو میں تبدیلی کر دی، نیا ڈیزائن متعارف

گوگل نے ایک دہائی بعد

کیلیفورنیا: دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے تقریباً 10 سال بعد اپنے مشہور زمانہ رنگین "G" لوگو میں خاموشی سے تبدیلی کر دی ہے۔

معروف ویب سائٹ نائن ٹو فائیو گوگل کے مطابق، کمپنی نے iOS اور Pixel ڈیوائسز پر اپنی ایپ کے تازہ ترین ورژن میں ایک نیا "G" لوگو متعارف کرایا ہے، جو گوگل کے روایتی سرخ، نیلے، سبز اور پیلے رنگوں کو نئے انداز میں ایک گریڈینٹ اسٹائل میں پیش کرتا ہے۔گوگل نے اس سے قبل ستمبر 2015 میں اپنے برانڈ کی شناخت کو جدید بنانے کے لیے ایک بڑی تبدیلی کی تھی۔ اس وقت گوگل نے اپنے لوگو کو سیرِف (serif) فونٹ سے ہٹا کر sans-serif فونٹ میں تبدیل کیا تھا، اور اسی کے ساتھ موجودہ رنگین "G" بھی متعارف کرایا گیا تھا جو برانڈ کے تمام رنگوں پر مشتمل تھا۔حالیہ تبدیلی اگرچہ نسبتاً لطیف ہے، تاہم گہرائی سے دیکھنے پر اندازہ ہوتا ہے کہ نیا لوگو، گوگل کے AI پلیٹ فارم Gemini میں استعمال کیے گئے رنگوں اور اسٹائل سے ہم آہنگ ہے۔

تاہم، تاحال یہ لوگو صرف مخصوص ڈیوائسز پر متعارف کرایا گیا ہے۔ گوگل کی مرکزی ویب سائٹ اور بیشتر اینڈرائیڈ فونز پر ابھی بھی پرانا "G" لوگو ہی ظاہر ہو رہا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل نے اس تبدیلی کے بارے میں اب تک کوئی باضابطہ بیان یا اعلان نہیں کیا ہے، اور معروف ٹیک ویب سائٹ The Verge کی جانب سے کیے گئے تبصرے کی درخواست کا بھی کمپنی نے کوئی جواب نہیں دیا۔یہ تبدیلی برانڈنگ میں گوگل کے مستقبل کے وژن اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار کی طرف ایک اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔