گوگل میپس میں نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری،

گوگل میپس میں نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری،

ٹیکنالوجی: گوگل اپنے مقبول نیویگیشن پلیٹ فارم گوگل میپس میں صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے نقشے کے رنگوں اور اسٹائل کو تبدیل کیا جا سکے گا۔

 اس تبدیلی کا مقصد نیویگیشن کے دوران سڑکوں، سبز علاقوں اور دیگر مقامات کے درمیان فرق کو زیادہ واضح بنانا ہے۔اس وقت گوگل میپس میں صارفین کو لائٹ اور ڈارک تھیمز سمیت مختلف کسٹمائزیشن ٹولز دستیاب ہیں، تاہم اب کمپنی ایک نئے فیچر کے ذریعے نقشے کو مزید واضح اور نمایاں بنانے کی سہولت فراہم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس میں ہائی وزیبلٹی میپ اسٹائل نامی نئے فیچر پر کام جاری ہے۔ اس فیچر کو فعال کرنے سے لائٹ اور ڈارک دونوں تھیمز میں نقشے کی رنگوں کی اسکیم تبدیل ہوجائے گی، جس سے صارفین کو راستوں اور مختلف مقامات کی شناخت میں آسانی ہوگی۔رپورٹ کے مطابق لائٹ موڈ میں اس فیچر کے استعمال سے پودوں اور سبز علاقوں کا چمکدار سبز رنگ گہرا اور مدھم ہوجائے گا، جبکہ صارف کا موجودہ مقام ظاہر کرنے والا نیلا نشان جامنی رنگ میں تبدیل ہوجائے گا۔ اس طرح نقشہ روایتی اسٹائل کے مقابلے میں زیادہ متوازن اور منظم دکھائی دے گا۔

اسی طرح ڈارک موڈ میں نقشے کا عام نیلا پس منظر تقریباً سیاہ رنگ اختیار کرلے گا، جبکہ چمکدار نیلے رنگ کی جگہ جامنی رنگ نمایاں ہوگا۔ آبی ذخائر اور سبز علاقے بھی گہرے رنگوں میں دکھائی دیں گے، تاہم سڑکوں اور مختلف مقامات کے نام واضح رہیں گے تاکہ صارفین آسانی سے اپنے راستے کی شناخت کرسکیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے فیچر کے تحت تبدیلیاں صرف نقشے کے رنگوں اور ظاہری انداز تک محدود ہوں گی۔ نیویگیشن کنٹرولز، راستے کی مرحلہ وار ہدایات اور اسکرین کے نچلے حصے میں موجود معلوماتی پینل پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔