تلنگانہ میں گاڑیوں پر پریس لوگو صرف سرکاری اکریڈیٹڈ صحافیوں کے لیے محدود

تلنگانہ میں گاڑیوں پر پریس لوگو صرف سرکاری اکریڈیٹڈ صحافیوں کے لیے محدود

بھارتی ریاست تلنگانہ میں اب سے صرف وہ صحافی اپنی گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں پر پریس یا پریس ٹی وی کا نشان لگا سکتے ہیں جن کے پاس حکومت کی جانب سے جاری شدہ سرکاری اکریڈیٹیشن کارڈز موجود ہوں۔

اس سلسلے میں ریاستی محکمہ اطلاعات و عوامی رابطہ نے نئے سرکاری احکامات جاری کیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سنٹرل موٹر وہیکل ایکٹ 1989 کے تحت بغیر اجازت گاڑیوں یا نمبر پلیٹس پر پریس یا پریس ٹی وی لکھنا غیر قانونی ہے۔محکمہ نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کچھ افراد غلط طریقے سے نجی اداروں کے شناختی کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے پریس لوگو استعمال کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت نے یہ اقدام اٹھایا۔کمشنر محکمہ اطلاعات نے ریاست بھر کے تمام ضلعی عوامی رابطہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے قواعد پر سختی سے عمل کروائیں۔

 جن افراد کے پاس سرکاری اکریڈیٹیشن کارڈز نہیں ہیں، انہیں فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے پریس لوگو ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔تازہ احکامات کے بعد بغیر سرکاری اکریڈیٹیشن کے پریس لوگو استعمال کرنے والے صحافی قانونی مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ جعلی صحافیوں کی شناخت روکنے اور حقیقی صحافیوں کو باقاعدہ پہچان دلانے کے لیے کیا گیا ہے۔اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس کی جانب سے جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔