اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پارٹی بانی کے احکامات کی روشنی میں جنید خان کے معاملے پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اور اس پر جلد فیصلہ سامنے آئے گا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ،"بانی پی ٹی آئی کی بہن نے رات مجھے بتایا کہ جنید خان کے متعلق بانی نے واضح احکامات دیے ہیں، اور ہم انہی کی ہدایت کے مطابق آگے بڑھتے ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ "پارٹی میں تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی کی رہنمائی کے تحت کیے جاتے ہیں اور یہی معاملہ بھی ان کی ہدایات کے مطابق جلد حل کر لیا جائے گا۔"
کشمیر کے مسئلے پر امریکا کی ثالثی پر تبصرہ
کشمیر کے حوالے سے ایک سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ "پاکستان ہمیشہ کہتا رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی ضرورت ہے۔ اگر امریکا اس میں مداخلت کرتا ہے تو یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہوگی۔"انہوں نے مزید کہا کہ"پرسوں بھارت کو جو مار پڑی ہے، شاید اس کے بعد یہ مسئلہ حل ہونے کے قریب ہو جائے۔"بیرسٹر گوہر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات خصوصاً جنید خان سے متعلق بانی کے فیصلے زیر بحث ہیں، اور کشمیر کے مسئلے پر بین الاقوامی سطح پر مداخلت کی بازگشت ایک بار پھر سنائی دے رہی ہے۔