پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ شبلی فراز اور عمر ایوب کی نااہلی سے متعلق درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ رجسٹرار آفس میں دو بار گئے ہیں، مگر ابھی تک چار درخواستیں نہیں لگائی گئیں، جن میں 32 کتابیں شامل ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کی نشست پر 30 اکتوبر کو اور عمر ایوب کی نشست پر نومبر میں انتخابات ہونے ہیں۔ انہوں نے درخواست دی ہے کہ اگر 30 اکتوبر سے پہلے کیس کی سماعت نہ ہوئی تو یہ درخواستیں بیکار ہو جائیں گی، اس لیے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کیسز کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی پہلے بھی کیسز کے سلسلے میں عدالت سے مل چکی ہے اور تیسری بار درخواست دی ہے کہ کیسز سنے جائیں۔ اس کے علاوہ، پنجاب میں ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی بتایا کہ این اے 18 ہری پور سے عمر ایوب کی اہلیہ امیدوار ہیں، جنہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اور انہیں منظور بھی کر لیا گیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔