حوالدار محمد نوید شہید کو فیصل آباد میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا

حوالدار محمد نوید شہید کو فیصل آباد میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا

فیصل آباد: وطن کے لیے جان قربان کرنے والے سپوت حوالدار محمد نوید شہید مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے بہادر سپوت حوالدار محمد نوید کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ شہید محمد نوید معرکہ حق کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔نمازِ جنازہ فیصل آباد میں ادا کی گئی جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ سرگودھا سمیت پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہید کے اہلِ خانہ اور بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر فضا "شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے" کے نعروں سے گونج اٹھی۔شرکاء نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی جرات و قربانی کو سراہا۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی، تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید نوید نے ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے اپنی جان نچھاور کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

اس موقع پر شہید کے والدین اور رشتہ داروں نے کہا:“وطن کی خاطر ایک نہیں دس بیٹے بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارا بیٹا مادرِ وطن پر قربان ہوا۔”
اہل علاقہ نے بھی شہید کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام اور افواج پاکستان ایک پیج پر ہیں، اور ہر قیمت پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

حوالدار محمد نوید کی تدفین کے دوران فوجی دستے نے سلامی پیش کی اور شہید کے جسدِ خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی شہادت قوم کے لیے عزم و حوصلے کی نئی مثال بن گئی۔