وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر یافتہ بہادر سپوت حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وطن کے دفاع کے لیے شجاعت اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید نے جان کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، اور ان کی قربانی پر قوم کو ہمیشہ فخر رہے گا۔وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ لالک جان شہید اور وطن کے دیگر شہداء پاکستان کی شان اور حقیقی محافظ ہیں۔ انہوں نے غیر معمولی جرات، بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔محسن نقوی نے شہداء کے اہلِ خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے امن، خودمختاری اور استحکام کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا، جبکہ حوالدار لالک جان شہید کی داستانِ شجاعت ہمیشہ قومی تاریخ کا روشن باب رہے گی۔