عاقب جاوید کو ناقص کارکردگی کے باوجود ہائی پرفارمنس سینٹر کا ڈائریکٹر مقرر

عاقب جاوید کو ناقص کارکردگی کے باوجود ہائی پرفارمنس سینٹر کا ڈائریکٹر مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عبوری کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھانے والے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کو مستقل حیثیت میں ایک اہم عہدہ سونپ دیا ہے۔

 پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس تعیناتی پر عاقب جاوید کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے تجربے اور مہارت سے قومی ٹیم کے لیے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کریں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کرکٹ کی بنیاد مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، اور عاقب جاوید جیسے تجربہ کار سابق کھلاڑی کی سربراہی میں اس مرکز سے بہترین نتائج کی توقع ہے۔اس سے قبل چیئرمین پی سی بی نے ٹوئٹر پر بیان میں مائیک ہیسن کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے پر مبارکباد بھی دی۔ مائیک ہیسن کا تقرر قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ عاقب جاوید نے عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر حالیہ چند سیریز میں ٹیم کی قیادت کی تھی، تاہم ان کے دور میں پاکستان ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم پہلے راؤنڈ سے باہر ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بھی پاکستان کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں 7 میچز کی سیریز میں ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی تھی۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کے تحت کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیکی صلاحیت اور ذہنی مضبوطی پر بھرپور کام کیا جائے گا، اور نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ملک گیر سطح پر پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔ عاقب جاوید کا تقرر اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔