ویب ڈیسک:پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان کے حوالے سے اہم بات کی۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان کو حالیہ عرصے میں فٹنس کے مسائل کا سامنا تھا، لیکن جیسے ہی یہ مسائل حل ہو جائیں گے، فخر زمان کو دوبارہ منتخب کر لیا جائے گا۔ عاقب جاوید نے یہ بھی کہا کہ فخر زمان ایک "میچ واریئر" ہیں، اور ان کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں۔عاقب جاوید نے اپنے کوچنگ کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے نیا کام نہیں ہے، کیونکہ وہ 22 سال سے کرکٹ کی کوچنگ سے منسلک ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کا ڈبل رول، یعنی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ساتھ ہیڈ کوچ کا کردار، کسی بھی طرح کی مشکلات کا سبب نہیں بنے گا۔سلیکشن کمیٹی میں اپنی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ جب انہیں سلیکشن کمیٹی کی ذمے داری دی گئی تھی، تو اس سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی سلیکشن کے حوالے سے اچھے فیصلے کیے جائیں گے۔