نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھارت کو منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد امریکا اس تنازع میں متحرک ہوا اور امریکی وزیر خارجہ روبیو نے ٹیلی فونک گفتگو میں آگاہ کیا کہ بھارت جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔
اسحاق ڈار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو تمام مسائل کا حل پرامن طریقے سے مذاکرات سے حل کرنا چاہیے، اور مقبوضہ جموں کشمیر کا مسئلہ حل ہونا جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی برابری ثابت کر دی ہے اور ہم نے مؤثر توازن قائم کر لیا ہے۔ پاکستان پہلے بھی اور اب بھی امن کا حامی ہے۔ امریکی صدر کی طرف سے مقبوضہ کشمیر تنازعے کو حل کرنے کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کو پاک فوج کی جوابی کارروائی سے یہ احساس ہوا کہ اس کے تمام تر اندازے غلط تھے، اور پاکستان اس شرط پر آمادہ ہوا کہ بھارت مزید اشتعال انگیز کاروائیاں نہیں کرے گا۔امریکی وزیر خارجہ روبیو نے ٹیلی فونک گفتگو میں بھارت کی جانب سے جنگ بندی کے لیے آمادگی کا بتایا، اور یہ کہ امریکا اس تنازعے میں متحرک ہوا ہے۔