47 سال بعد امریکا اور ایران کو مذاکرات پر آمادہ کرنا پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، اسحاق ڈار

47 سال بعد امریکا اور ایران کو مذاکرات پر آمادہ کرنا پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، اسحاق ڈار

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار  نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو 47 برس بعد براہِ راست مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے زیرِ اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کو مذاکرات پر آمادہ کیا۔ ان کے بقول امریکا اور ایران سے کہا گیا کہ وہ آمنے سامنے بیٹھیں، جس پر دونوں جانب سے پاکستان کو بھی مذاکراتی عمل میں شامل رہنے کی درخواست کی گئی۔اسحاق ڈار  نے بتایا کہ ایران کا مؤقف تھا کہ ماضی میں امریکا اور ایران کے درمیان صرف بالواسطہ رابطے ہوتے رہے، تاہم پاکستان کی ثالثی میں اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان 21 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ و پاسداری کے لیے پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

نائب وزیرِ اعظم نے بھارت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کا بے بنیاد الزام لگا کر پاکستان پر جارحیت کی گئی، تاہم پاکستانی قوم نے معرکۂ حق میں غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے فلسطین کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں خونریزی مکمل طور پر تو نہیں رکی، تاہم اس میں نمایاں کمی ضرور آئی ہے۔