تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب کی عراق میں جوابی کارروائی

تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب کی عراق میں جوابی کارروائی

سعودی عرب نے اپنی تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد عراق میں موجود ایران نواز ملیشیاؤں کے مخصوص ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ کارروائی امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے تعاون اور رابطے سے انجام دی گئی۔سعودی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق کارروائی ان عناصر کے خلاف کی گئی جو سعودی تیل تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی رائل فضائیہ نے بصرہ، واسط، کربلا اور نینوی کے علاقوں میں حملے کیے۔سعودی حکام کے مطابق یہ کارروائی قومی سلامتی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے کی گئی، جبکہ مستقبل میں بھی کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت حقِ دفاعِ خود کے مطابق کی گئی۔ وزارت نے الزام عائد کیا کہ عراق سے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں نے سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملے کیے تھے، جس کے بعد محدود اور ہدفی کارروائی عمل میں لائی گئی۔