ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ لارک جزیرے پر امریکی حملے کے نتیجے میں متعدد ایرانی اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں، تاہم جانی نقصان کی حتمی تعداد ابھی تک واضح نہیں کی گئی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور حملے کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔ اس سے قبل ایک امریکی عہدیدار نے بتایا تھا کہ امریکی فورسز نے لارک جزیرے پر پاسدارانِ انقلاب کے دو راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا ہے، جنہیں حملے کے وقت آبنائے ہرمز کی جانب بحری بارودی سرنگیں لے جانے والے راکٹ داغنے کی تیاری میں پایا گیا تھا۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی تنصیبات اور آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جہازوں پر میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق، امریکی فوجی اڈوں کی جانب میزائل داغے گئے، جبکہ پریس ٹی وی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحری جہازوں کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔