حال ہی میں پاک بھارت کشیدگی اور جنگ کے پس منظر میں بھارت نے متعدد پاکستانی اداکاروں کی تصاویر بھارتی میوزک پلیٹ فارمز سے ہٹا دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، فواد خان کی 2016 کی فلم "کپور اینڈ سنز" کے گانے "بدھو سا من کے" کے پوسٹر سے ان کی تصویر ہٹا دی گئی ہے اور یہ گانا اب بھارت میں یوٹیوب پر دستیاب نہیں ہے۔ تاہم، فواد خان کی 2014 کی فلم "خوبصورت" کا پوسٹر ابھی تک تبدیل نہیں ہوا۔اسی طرح ماہرہ خان کو شاہ رخ خان کی فلم "رئیس" کے البم کور سے بھی ہٹا دیا گیا ہے، جہاں اب صرف شاہ رخ خان نظر آ رہے ہیں، حالانکہ ماہرہ خان ان کی ہیروئن تھیں۔اداکارہ ماورا حسین کی فلم "صنم تیری قسم" کے پوسٹر سے ان کی تصویر بھی اسپاٹیفائی اور یوٹیوب میوزک سے ہٹا دی گئی ہے، اور انہیں "صنم تیری قسم 2" میں شامل کرنے سے بھی انکار کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کے گائے گانوں سے بھی ان کا نام ہٹا دیا گیا ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔یہ اقدامات بھارت کے "آپریشن سندور" کے بعد کیے گئے ہیں، جو پہلگام واقعے کے الزام میں بھارت کی جانب سے ردعمل کے طور پر کیے گئے تھے۔ پاکستان نے اس واقعے کا بھرپور جواب دیا اور دشمن کی بندوقوں کو خاموش کر دیا۔