بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریا نے ایک بار پھر شکایت کی ہے کہ انہیں شاہ رخ خان کی فلموں کے گانوں پر کبھی بھی مناسب اور جائز کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا شاہ رخ خان سے کوئی ذاتی تعلق نہیں بلکہ صرف رسمی سلام دعا تک بات محدود رہی ہے۔ابھیجیت کا کہنا تھا کہ ان کی اور شاہ رخ خان کی جوڑی کو کشور کمار اور امیتابھ بچن جیسی کلاسک جوڑی سے جوڑنا درست نہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا:"لوگ کہتے ہیں وہ شاہ رخ کا گانا ہے، تب مجھے احساس ہوا کہ یہ گانے میرے نہیں، سب کچھ شاہ رخ کا ہے – آواز، دھن، فلم، یہاں تک کہ سینماٹوگرافی بھی!"یہ پہلا موقع نہیں جب ابھیجیت نے فلموں میں گلوکاروں کو نظرانداز کیے جانے پر اعتراض کیا ہو۔ 2004 میں فلم ’میں ہوں نا‘ کی ریلیز کے وقت بھی انہوں نے کریڈٹ نہ دیے جانے پر اعتراض کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ہر کسی کا نام شامل تھا، سوائے گلوکاروں کے، جنہوں نے موسیقی کو جان بخشی۔
ابھیجیت کا یہ بھی ماننا ہے کہ شاہ رخ خان کی کامیابی میں ان کے گائے ہوئے گانوں کا کلیدی کردار رہا ہے، اور انہیں اس کا باقاعدہ کریڈٹ ملنا چاہیے تھا۔ یہی وجہ ہے کہ 2007 کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے بعد شاہ رخ اور ابھیجیت کی جوڑی کسی فلم میں دوبارہ نظر نہیں آئی، اور ان کے تعلقات میں واضح دوری دیکھنے میں آئی ہے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ابھیجیت ماضی میں کئی مرتبہ شاہ رخ خان سے اپنے تعلقات کے حوالے سے متنازع بیانات دے چکے ہیں، جس کے باعث وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بنتے رہے ہیں۔ ان کے بیانات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ فلمی صنعت میں گلوکاروں کو اکثر پس منظر میں رکھا جاتا ہے، جب کہ ان کی آوازیں فلمی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔