پشاور(یواین پی)پشاور میں مچنی گیٹ کے قریب ڈھائی کروڑ کی بینک ڈکیتی ناکام بنانے والا بہادر پولیس افسر اے ایس آئی بہار علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب مچنی گیٹ کے قریب ایک بینک میں تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کی ڈکیتی کی کوشش کی گئی۔اطلاع ملنے پر اے ایس آئی بہار علی اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور رقم لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو روک لیا۔ پولیس کے مطابق بہار علی نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی جس پر ایک ڈاکو نے ان پر فائرنگ کر دی۔گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہو گئے تاہم ان کی کارروائی کے باعث بڑی ڈکیتی ناکام بنا دی گئی۔شہید پولیس افسر کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔