وزیراعظم ٹرین حملے کے خلاف اے پی سی بلائیں، قومی ایجنڈا طے کیا جائے:فاروق ستار

وزیراعظم ٹرین حملے کے خلاف اے پی سی بلائیں، قومی ایجنڈا طے کیا جائے:فاروق ستار

ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور وزیراعظم کو سانحہ جعفر ایکسپریس پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کی تجویز دی تاکہ قومی ایجنڈا طے کیا جا سکے۔

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو صرف مذمت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل سامنے لانا چاہیے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے شہدا کو سلام پیش کیا اور کہا کہ ہمیں مل کر دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی بنانی ہوگی۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لینا ضروری ہے اور اس میں آرٹیکل 140 پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہ قومی یکجہتی اور وفاقی حکومت کے درمیان روابط کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے اے پی ایس کے وقت تمام سیاسی جماعتیں اور عسکری قیادت ایک ساتھ آئی تھیں، اسی طرح آج بھی قومی ایجنڈا کے لیے اے پی سی بلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں اس وقت بدترین حکمرانی ہو رہی ہے اور اس کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، لہذا سندھ اور بلوچستان میں مؤثر حکمرانی کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی کی روک تھام کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے اور اس کے نتائج تعلیمی اداروں اور عوامی زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں۔فاروق ستار نے میثاق جمہوریت کی بھی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ اس کے مطابق مقامی حکومتوں کو کب بااختیار بنایا جائے گا، اس پر غور کرنا ضروری ہے تاکہ عوام کی جمہوریت میں مؤثر شرکت ممکن ہو سکے۔