کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے میڈیکل جامعات میں داخلے کے لیے ڈومیسائل کی شرط ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ انٹر بورڈ کے حالیہ امتحانات میں صرف 30 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ داخلہ پالیسی میں کراچی کے طلبہ کو ڈومیسائل کی بنیاد پر ناانصافی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز میں 50 فیصد نشستیں اندرونِ سندھ اور دیگر علاقوں کے طلبہ کو دی جا رہی ہیں، حالانکہ کراچی کے طلبہ کا ان نشستوں پر 90 فیصد حق بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو چاہے، جب چاہے کراچی آ کر ڈومیسائل بنوا سکتا ہے، جس سے مقامی طلبہ کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں نشستوں کی تعداد میں آبادی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے اور کراچی کے طلبہ کو ان کا حق دیا جائے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ کراچی کے نوجوانوں کے حق میں آواز بلند کریں۔