ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے بھارت کے سیکولر چہرے کو بے نقاب کر کے بہت اچھا کیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی ذہنیت نے ثابت کیا کہ ہمارے اجداد نے پاکستان کے لیے صحیح قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ پوری دنیا نے مسترد کر دیا ہے اور پہلگام کا واقعہ بھارت کی سب سے بڑی انٹیلیجنس ناکامی تھی، جس طرح پلوامہ میں بھی بھارت کی انٹیلیجنس ناکامی ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بھارت اس بار دنیا کو دھوکہ دینے میں ناکام ہوگیا ہے اور اس کی جنونیت کا چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ گجرات کے قصائی کا لقب کس کو ملا تھا؟ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان متحد ہے اور ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔