اسلام آباد:سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے معاملے میں علیمہ خان کو ایک بار پھر جے آئی ٹی نے طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو 14 مارچ 2025ء کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل 12 مارچ کو طلبی پر علیمہ خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئی تھیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کردہ جے آئی ٹی کی سربراہی آئی جی اسلام آباد پولیس کر رہے ہیں۔ یہ جے آئی ٹی الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت تشکیل دی گئی ہے، جس کے پاس کیس کے حوالے سے مستند شواہد موجود ہیں۔ جے آئی ٹی سوشل میڈیا پر چلنے والے منفی پروپیگنڈا کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے اور اس معاملے میں علیمہ خان کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے تاکہ وہ تحقیقات میں تعاون کریں۔