اسلام آباد:پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے احتجاج کی ناکامی کو چھپانے کے لیے من گھڑت پروپیگنڈا پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر، ویڈیوز، اور غلط اعداد و شمار کا سہارا لیا جا رہا ہے، جس میں فلسطین کے شہداء کی تصاویر کو احتجاج میں من گھڑت ہلاکتوں سے جوڑنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔ بیرون ملک فرار ہونے والے پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد نے ان تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے ہلاکتوں کا پروپیگنڈا کیا، جو کہ ریاست دشمن ایجنڈے کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں میں بھی ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد دعوے کیے گئے ہیں۔ سلمان اکرم راجا نے 20 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا، شیر افضل مروت نے 12، علی امین گنڈا پور نے سیکڑوں اور لطیف کھوسہ نے 278 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا۔ تاہم، اسلام آباد کے دو بڑے اسپتالوں پمز اور پولی کلینک کے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ 36 عام شہری اور 66 اہلکار زخمی حالت میں لائے گئے تھے، اور پولی کلینک اسپتال میں کوئی لاش نہیں آئی۔
پمز انتظامیہ نے مزید وضاحت دی کہ زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا یہ پروپیگنڈا ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور ہلاکتوں کے حوالے سے گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش ہے۔ پی ٹی آئی کے یہ پروپیگنڈا صرف سیاسی فائدے کے لیے اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کی غرض سے کیا جا رہا ہے۔