ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے جلد معاہدہ نہ کیا تو نتائج انتہائی سنگین ہوں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ایران پر مزید بڑے حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ "اب وقت ختم ہو رہا ہے"۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایران کو پہلے بھی معاہدے کا موقع دیا گیا لیکن وہ ضائع ہو گیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے سخت گیر عہدیداروں نے بہادری سے باتیں کیں، لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ تمام سخت گیر عناصر اب مارے جا چکے ہیں، اور مستقبل میں مزید خطرناک کارروائیاں متوقع ہیں۔
سابق صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ "امریکا دنیا میں سب سے مہلک ہتھیار بناتا ہے اور اسرائیل ان ہتھیاروں کا ماہر صارف ہے"۔ ٹرمپ نے ایران کو وارننگ دی کہ "اب بھی وقت ہے کہ ایران معاہدے کی طرف لوٹ آئے، اس سے پہلے کہ کچھ باقی نہ بچے"۔ٹرمپ کے ان بیانات نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے، اور مبصرین کے مطابق امریکا-ایران تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر موجودہ اسرائیل-ایران کشیدگی کے تناظر میں۔